افغانستان نے سالمیت کو للکارا، ڈٹ کر مقابلہ، منہ توڑ جواب دیا جائے گا: صدر و وزیراعظم
(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن، استحکام اور علاقائی سالمیت پر ریاستِ پاکستان کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، افغانستان نے پاکستان کی سالمیت کو للکارا ہے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک افغان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج پاکستان کی با وقار قوم اور ہماری دلیر مسلح افواج وطن کی سالمیت اور سرحدوں کے تحفظ کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان دباؤ یا دھمکی سے مرعوب ہوگا، ہماری مسلح افواج کی جوابی صلاحیت ہمہ گیر، بروقت اور فیصلہ کن ہے، اور وہ دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم تصادم نہیں چاہتے، لیکن اگر کسی نے پاکستان کے امن کو کمزوری سمجھا تو اسے سخت جواب ملے گا، برادر ممالک کی معاونت سے اس مجرم گروہ کو راہِ اعتدال پر لانے کی سنجیدہ کوشش کی، مگر کوئی مثبت پیش رفت نہ ہو سکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
