(محمد اشفاق) نیب لاہور نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور میاں نواز شریف سے متعلق چوہدری شوگر ملز کی تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری کے لئے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے کارروائی 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے نیب کی جانب دائر ریفرنس بند کرنے کی درخواست پر سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مریم نواز اور نواز شریف نیب تفتیش میں کرپشن میں ملوث نہیں پائے گئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں نیب لاہور نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی، ہائیکورٹ کے چار فروری کے احکامات کی روشنی میں تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری دی جائے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے 3 مارچ کو جواب طلب کر لیا، نیب نے مریم نواز سمیت دیگر کے خلاف 2020 میں چوہدری شوگر ملز میں مبینہ کرپشن کے الزامات کے خلاف انکوائری شروع کی تھی۔
