آئی جی پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس، کچہ میں پولیس آپریشن مزید مؤثر بنانے کا جائزہ
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیرِ صدارت کچہ آپریشن سے متعلق فالو اَپ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کچہ ایریا میں پائیدار امن کے قیام اور پولیس آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچہ علاقوں میں پولیس انفراسٹرکچر اور آپریشنل اسٹریٹیجی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ شرپسند عناصر کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہ ملے اور حکومتی رِٹ ہر صورت برقرار رکھی جا سکے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ مریم نواز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیورٹی انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس اور لاجسٹکس کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے۔
اجلاس میں کچہ ایریا کے تھانوں اور چوکیوں کیلئے مزید بلٹ پروف گاڑیاں، تھرمل امیجنگ کیمرے اور کواڈ کاپٹرز خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی مؤثر نگرانی کیلئے سیف سٹی کیمروں کے استعمال کا جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
آئی جی پنجاب نے کچہ پولیس آپریشن کی سرپرستی اور وسائل کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی جبکہ ساؤتھ پنجاب اور متعلقہ اضلاع کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
