(لاہور نیوز) رمضان المبارک کے آغاز پر آج یکم رمضان کو ملک بھر میں بینک عوامی لین دین کیلئے بند رہیں گے۔
سٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق بینک عملہ آج صرف زکوٰۃ کٹوتی کا سالانہ عمل مکمل کرے گا، جبکہ صارفین سے کسی بھی قسم کا مالیاتی لین دین نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق بینکوں میں کرنٹ اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کٹوتی نہیں کی جائے گی، تاہم سیونگ اکاؤنٹس اور دیگر منافع بخش اکاؤنٹس سے مقررہ نصاب کے مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی ہو گی، رواں سال زکوٰۃ کا نصاب 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقرر کیا گیا ہے، کرنٹ اکاؤنٹس کے علاوہ دیگر اکاؤنٹس میں نصاب سے زائد موجود رقم پر زکوٰۃ منہا کی جائے گی۔
دوسری جانب رمضان المبارک کے دوران بینکوں کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے، پیر سے جمعرات بینک صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز صبح 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک کام جاری رہے گا۔
بینک انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ زکوٰۃ کٹوتی اور تبدیل شدہ اوقات کار کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے مالی معاملات ترتیب دیں۔
