(لاہور نیوز) محکمہ صحت پنجاب نے غیر معیاری ادویات کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے دو ادویات کو مارکیٹ سے فوری واپس لینے کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے سب اسٹینڈرڈ ادویات کے حوالے سے باقاعدہ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 10 ایم جی سیٹریزن ٹیبلٹ اور آئیورمیکٹن انجیکشن کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی رپورٹ میں ان ادویات کو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا، جس کے بعد ری کال کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ صحت نے متعلقہ دوا ساز کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرہ بیچز مارکیٹ سے واپس لیں۔ تمام میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کو بھی ان ادویات کی فروخت فوری بند کرنے اور موجود سٹاک علیحدہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک بیچ کی ادویات استعمال نہ کریں اور کسی بھی قسم کے مضر اثرات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
ادھر ڈرگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
