(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے صحت دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔
آپریشن کے دوران دو بیف شاپس اور دو معروف ملک شاپس کو قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بند کر دیا گیا جبکہ مقدمات بھی درج کروا دیئے گئے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملک شاپس سے برآمد ہونے والا 190 لٹر جعلی دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ موقع سے چلرز اور فریزر بھی ضبط کر لئے گئے، دودھ کے سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل ہونے پر متعلقہ دکانوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، کھلے کوڑا دان اور حشرات کی بھرمار پائی گئی، گوشت کو لٹکانے کیلئے زنگ آلود ہکس استعمال کئے جا رہے تھے جبکہ فریزر میں موجود گوشت پر ایکسپائری تاریخ درج نہیں تھی، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی عدم موجود پائے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گوشت اور دودھ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید اور آسان ایس او پیز متعارف کروائے گئے ہیں تاہم جعلسازی اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
