(لاہورنیوز) ایشیا کپ کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی کھیل کی سپرٹ کے منافی سوچ کے تحت بھارتی ہٹ دھرمی برقرار رہی اور بھارتی ٹیم کے کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ہینڈ شیک نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت کا 6 طیارے گرنے پر تاحال غصہ برقرار ہے اور پاک بھارت میچ میں ہینڈ شیک نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی ٹیم کی جانب سے کیا گیا ہے، کرکٹ حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، کہا گیا ہے کہ ہینڈ شیک نہ ہونے سے کرکٹ کی ساخت متاثر ہو رہی ہے۔
میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کے دوران ہینڈ شیک کے سوال پر بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ہینڈ شیک کے لیے 24 گھنٹے انتظار کر لو، اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہینڈ شیک کا سسپنس کل ختم کر دیں گے، 24 گھنٹے رک جائیں، ہینڈ شیک کا انتظار کرو، ابھی کھانا کھائیں سو جائیں کل دیکھیں کہ کیا ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں روایتی حریف تین بار مد مقابل آئے تھے، تینوں بار بھارتی کپتان نے ہاتھ نہیں ملایا تھا، میچ کے بعد ٹیم بھی ڈریسنگ روم میں چلی گئی تھی۔
بھارت کے سابق مایہ ناز کرکٹر اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک نہ کرنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے کو احمقانہ قرار دیا۔
سنجے منجریکر نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا بھارت نے جو "ہاتھ نہ ملانے" والی حرکت شروع کی ہے یہ بڑی احمقانہ ہے، یہ ہمارے جیسے ملک کے شایانِ شان نہیں ہے۔
