(لاہور نیوز) رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہر میں میونسپل اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں علماء و مشائخ عظام، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور ایس ایس پی آپریشنز توقیر احمد نے شرکت کی، اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈی سیز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔
اجلاس کا آغاز سانحہ اسلام آباد کے شہداء کیلئے دعائے فاتحہ سے کیا گیا، کمشنر لاہور نے کہا کہ رمضان المبارک عالم اسلام کا مقدس ترین مہینہ ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہر میں تمام میونسپل اور سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، ہر تحصیل میں رمضان بازار اور دسترخوان لگائے جائیں گے جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور اردگرد کے علاقوں میں خصوصی صفائی اور سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے بتایا کہ مساجد اور امام بارگاہوں میں خصوصی اوقات کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی ہو گی جبکہ بڑی مساجد اور امام بارگاہوں کی نگرانی کیلئے سیف سٹی کے ساتھ رابطہ کر لیا گیا ہے، 21 رمضان، یوم شہادت علی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ علماء اکرام اور مشائخ عظام انتظامیہ کے مستحکم رابطہ کار ہیں اور عوامی امن و اتحاد کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کریں گے، علماء و مشائخ نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی کو فتنہ و انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
