(لاہور نیوز) چولستان جیپ ریلی کے 21ویں ایڈیشن کی پریپئرڈ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے نامور ڈرائیورز نے 216 کلومیٹر طویل صحرائی ٹریک پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
مقابلے میں جعفر مگسی نے سب سے پہلے ٹریک مکمل کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی اور مقررہ فاصلہ 1 گھنٹہ 48 منٹ 51 سیکنڈ میں طے کیا۔ تاہم کم ترین وقت کا اعزاز فیصل شادی خیل نے حاصل کیا، جنہوں نے 216 کلومیٹر کا ٹریک صرف 1 گھنٹہ 43 منٹ 22 سیکنڈ میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
تیسرے نمبر پر محمد رضا سعید رہے، جنہوں نے ٹریک 1 گھنٹہ 52 منٹ 9 سیکنڈ میں مکمل کیا، جبکہ صاحبزادہ سلطان چوتھے نمبر پر رہے اور انہوں نے یہی فاصلہ 1 گھنٹہ 51 منٹ 9 سیکنڈ میں طے کیا۔
پریپئرڈ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں فیصل شادی خیل کی برق رفتار ڈرائیونگ شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہی، جبکہ دیگر ڈرائیورز نے بھی سخت مقابلے کے ذریعے ایونٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
