(لاہور نیوز) صوبائی حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے استعمال، تعیناتی اور خریداری کو منظم بنانے کیلئے ڈرافٹ موٹر ٹرانسپورٹ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی۔
نئی پالیسی کا اطلاق پنجاب کے تمام محکموں اور فیلڈ فارمیشنز پر ہو گا، پالیسی کے تحت سرکاری گاڑیوں کی تعیناتی میں ریشنلائزیشن لائی جائے گی جبکہ افسران کے استحقاق کے مطابق گاڑیوں کے استعمال کی واضح حد مقرر کی گئی ہے۔
اس اقدام کا مقصد حکومتی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہے۔
پالیسی کے تحت سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) گاڑیوں کی تعیناتی اور استعمال کو ریگولیٹ کرے گا، پول، فیول اور کلوواٹ آور کی حدوں میں بھی نظرثانی کی منظوری دی گئی ہے تاکہ اخراجات کو قابو میں رکھا جا سکے۔
پروٹوکول ڈیوٹی کیلئے ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو سٹینڈرڈائز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ وی وی آئی پیز اور غیر ملکی وفود کیلئے گاڑیوں کی فراہمی کے حوالے سے نیا فریم ورک متعارف کرایا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئی پالیسی سے سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں شفافیت، یکسانیت اور لاگت مؤثر نظام کو فروغ ملے گا اور تمام انتظامی و متعلقہ محکموں کیلئے یکساں ضابطہ کار نافذ ہو گا۔
