چھانگا مانگا پولیس کی کارروائی، لاہور سے اغوا ہونیوالی دو کمسن بہنیں بحفاظت بازیاب
(لاہور نیوز) چھانگا مانگا پولیس کی بڑی کارروائی میں لاہور سے اغوا ہونے والی دو کمسن بہنوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا اور ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق پنجاب پولیس کے تھانہ چھانگا مانگا کی ٹیم نے دورانِ گشت مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے دو کمسن بچیوں کے اغوا کا اعتراف کیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر دونوں مغوی بچیاں برآمد کر لی گئیں۔
بچیوں کی شناخت عروج فاطمہ (عمر 16 سال) اور منیسہ فاطمہ (عمر 12 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان نے انہیں لاہور سے اغوا کیا تھا۔
ملزمان کی شناخت شان علی اور غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے، جو لاہور کے رہائشی ہیں۔ دونوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ نمبر 412/26، والد کی مدعیت میں تھانہ نواں کوٹ میں درج ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ مختلف تھانوں سے ان کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
