ٹریفک پولیس پہلے سلام پھر کلام کے شعار کو یقینی بنائیں، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ قانون کی پاسداری کو اچھے اخلاق اور شائستگی کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔
محمد وقاص نذیر نے کہا کہ تمام افسران اور اہلکار شہریوں سے خوش اخلاقی، صبر اور تحمل کے ساتھ پیش آئیں اور کسی بھی شہری کی غلطی کی نشاندہی اخلاق اور بردباری کے ساتھ کی جائے، ٹریفک پولیس اپنے شعار “پہلے سلام، پھر کلام” پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں، چالان یا ہدایات دیتے وقت شائستگی اور اخلاقیات کو مقدم رکھا جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے خواتین، بزرگوں، بچوں اور معذور افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کے ناروا سلوک کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد 100 فیصد یقینی بنایا جائے، ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ، ون وے اور دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، جبکہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔
محمد وقاص نذیر نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس لائن لین کی مؤثر کارروائی کے ذریعے شاہراہوں پر نظم و ضبط قائم کرے، جبکہ چالان اور قانونی کارروائی شفاف اور قانون کے مطابق ہونی چاہئے۔
