بینک برانچیں عازمین حج کو سعودی ویزہ بائیو میٹرک میں مدد فراہم کریں، ڈاکٹر ساجد محمود
(لاہور نیوز) سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت جاری حج آپریشن جائزہ کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ بینک برانچیں عازمین حج کو سعودی ویزہ بائیو میٹرک میں مدد فراہم کریں گی۔
اجلاس میں پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین حج کو سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی اہمیت سے آگاہ کرنے جبکہ تمام سٹیک ہولڈرز کو سعودی بائیو میٹرک سے متعلق موثر آگاہی اور سہولت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی آسانی کیلئے تاشیر سینٹرز اب صبح 9 تا 5 عازمین حج کو سہولت فراہم کریں گے جبکہ وزارت مذہبی امور نے ڈائریکٹوریٹس میں بائیو میٹرک سہولت ڈیسک کے قیام کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
ساجد محمود کا کہنا ہے کہ 17 فروری کی ڈیڈ لائن حتمی ہے، مزید توسیع ممکن نہیں ہو گی تاہم رہ جانے والے عازمین پہلی فرصت میں سعودی ویزہ بائیو میٹرک مکمل کریں، سعودی ویزہ بائیو میٹرک کے بغیر حج ویزہ کا حصول ممکن نہیں ہو گا۔
