(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے پیشِ نظر ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2025 میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت پالیسی کی کلاز 11 میں تبدیلی تجویز کی گئی ہے، جس کے ذریعے ڈیجیٹل میڈیا مہمات سے متعلق ذمہ داریوں کو واضح کیا جا رہا ہے۔
ترمیم کے مطابق اسپانسرنگ ڈیپارٹمنٹ ڈیجیٹل میڈیا مہم کی تکنیکی ویری فکیشن پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) یا متعلقہ اداروں سے حاصل کرے گا۔ منظور شدہ میڈیا پلان کے تحت کمٹڈ اور بکڈ امپریشنز کی جانچ کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ڈیجیٹل مہمات میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
تمام ضروری کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بلز ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (DGPR) کو ارسال کیے جائیں گے، جبکہ تصدیق شدہ بلز کی ادائیگی ڈی جی پی آر کے ذریعے کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ مجوزہ ترمیم 24 اکتوبر 2025 کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تسلسل میں پیش کی گئی ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل میڈیا مہمات میں شفافیت، رفتار اور مؤثریت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس معاملے کو صوبائی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ مجوزہ ترمیم سٹینڈنگ کمیٹی برائے کابینہ لیجسلیٹو بزنس و پرائیویٹائزیشن میں بھی پیش کر دی گئی ہے۔
