(ویب ڈیسک) ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنے پر جہاں آئی سی سی پریشان ہے وہیں دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز کو بھی تشویش لاحق ہے۔
اسی تناظر میں سری لنکا کے بعد اب اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے اپنے فیصلے پر نظرِثانی کی درخواست کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے باضابطہ رابطہ کیا اور 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے پر زور دیا، اماراتی حکام کا مؤقف ہے کہ کرکٹ کے مجموعی مفاد میں اس معاملے پر لچک دکھائی جانی چاہئے۔
اس سے قبل سری لنکا کرکٹ بھی اسی نوعیت کی اپیل کر چکا ہے، سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا کہ کولمبو میں 15 فروری کو شیڈول ہائی پروفائل پاک بھارت میچ کی منسوخی سے اسے شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خط میں واضح کیا گیا کہ میچ کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں اور عدم شرکت کی صورت میں سیاحت سے جڑی متوقع آمدن بھی متاثر ہو گی۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق پاک بھارت مقابلے کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد سیاحتی شعبے پر منفی اثرات پڑے ہیں اور شائقین کی جانب سے بڑی تعداد میں ہوٹل بکنگز منسوخ کی جا چکی ہیں۔
بیان میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ سری لنکا کرکٹ نے ماضی میں مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دیا، سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ غیر معمولی حالات، دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔
دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے روکا گیا ہے، تاہم آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
