(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ ایسے عناصر قابلِ مذمت ہیں جو قومی سانحوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردِعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “لعنت ہے ان لوگوں پر جو دہشتگردی کے واقعے پر سیاست کر رہے ہیں۔” جن عناصر کو ماضی میں ہزارہ کے شہیدوں کی لاشیں بلیک میل کرتی تھیں، وہ آج خاموش رہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جو لوگ دہشتگردی کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں، انہیں خاموش رہنا چاہیے، دہشتگردی کے خلاف یہ ایک جنگ ہے جسے یہ قوم پہلے بھی جیت چکی ہے اور اب بھی کامیابی حاصل کرے گی۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ جو لوگ افغانستان کے غم میں گھلتے ہیں اور دہشتگردوں کو دہشتگرد کہنے سے گریز کرتے ہیں، وہ پنجاب اور عوام کی خوشیوں سے اپنی کالی سیاست دور رکھیں، دہشتگرد چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے میدان ویران ہوں اور عوام خوف و پریشانی میں مبتلا رہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ “ہم فتنہ الخوارج اور ان جیسے ان کے پیروکاروں سے ڈٹ کر لڑیں گے اور انہیں ہر محاذ پر شکست دیں گے۔”
