(لاہور نیوز) لاہور میں بسنت کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق بسنت کے دوران 13 ایس پیز، 50 ڈی ایس پیز، 258 ایس ایچ اوز و انسپکٹرز اور 1143 اپر سب آرڈینیٹس تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد افسران و جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔
سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے شہر کو ریڈ، ییلو اور گرین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، ریڈ زون میں 104، ییلو زون میں 92 اور گرین زون میں 72 ناکہ جات قائم کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ روف ٹاپس، اوورہیڈ برجز، انڈر پاسز اور انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر بھی پولیس ٹیمیں تعینات ہیں۔
ترجمان کے مطابق شہر بھر میں 265 ڈولفن، 122 پیرو اور 180 ایلیٹ ٹیمیں پٹرولنگ ڈیوٹی پر مامور ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کے 1300 افسران و اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔
سیفٹی راڈ نصب نہ کرنے پر حالیہ کارروائیوں کے دوران 44 موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ بسنت کی تین روزہ تقریبات کے دوران حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025ء کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
سی سی پی او کا مزید کہنا تھا کہ بسنت ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہو گا اور قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش یا ہلڑ بازی پر سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے استعمال پر بھی زیرو ٹالرنس ہو گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے محفوظ اور پُرامن بسنت کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا اور شہری ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے بسنت کو محفوظ بنانے میں پولیس کا ساتھ دیں۔
