سانحہ بھاٹی گیٹ: سعدیہ کے شوہر پر مبینہ پولیس تشدد جانچنے کیلئے میڈیکل کرانے کا فیصلہ
(لاہور نیوز) بھاٹی گیٹ مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون سعدیہ کے شوہر کا میڈیکل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور میں مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون سعدیہ کے شوہر غلام مرتضیٰ پر مبینہ تشدد کا معاملہ سامنے آنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق غلام مرتضیٰ پر ہونے والے تشدد کی نوعیت جانچنے کے لیے ان کا میڈیکل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غلام مرتضیٰ کا میڈیکل پولیس کی نگرانی میں شور کوٹ کے مقامی ہسپتال میں کروایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد تشدد میں ملوث افسران کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کا امکان ہے۔ غلام مرتضیٰ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس پی سٹی اور متعلقہ ایس ایچ او نے ان پر تشدد کیا۔
غلام مرتضیٰ کے بیان کے مطابق پولیس افسران ان پر دباؤ ڈالتے رہے کہ وہ اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کریں، تاہم انہوں نے کسی بھی قسم کے اعتراف سے انکار کیا۔
واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شفاف انکوائری اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
