(لاہور نیوز) آج ملک بھر میں شبِ برات نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
آج شب مساجد اور گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جائے گا، لوگ نوافل کی ادائیگی،قرآن خوانی اور دعاؤں میں مصروف رہیں گے، علمائے کرام کہتے ہیں کہ یہ رات بہت زیادہ رحمتوں اور برکتوں والی ہے۔
ربِ کریم غفورالرحیم کی رحمت تو ہروقت اپنے بندوں پر برس رہی ہوتی ہے، مگر کچھ لمحات کو خصوصی فضیلت حاصل ہے، انہی میں سے ایک ہے شب برات،اس رات گناہوں میں ڈوبے بندوں کےلیے توبہ کے دروازے کھول دیئےجاتے ہیں۔
علمائے کرام شعبان کی پندرہویں رات کے بے شمار فضائل بتاتے ہیں، کہتے ہیں کہ بندوں کا سال بھرکا رزق،زندگی اورموت سے متعلق فیصلے بھی اللہ تعالیٰ کے حکم سے شب برات میں ہی لکھے جاتے ہیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی کا کہنا ہے کہ اس کو لیلۃ المبارکہ کہا جاتا ہے، حدیث مبارکہ میں آتا ہے کہ اس رات میں قیام کیا جائے اور دن کو روزہ رکھا جائے یعنی 15 ویں شب قیام کیا جائے، عبادت کی جائے، نماز پڑھی جائے، یہ انتہائی اہم رات ہے اوراس رات میں اعمال اللہ کی بارگاہ میں پیش کیے جاتے ہیں۔
