(لاہور نیوز) سعودی حکومت نے عمرہ خلاف ورزیوں پر 1800 غیرملکی ٹریول ایجنسیوں کے ایگریمنٹ عارضی طورپر معطل کرتے ہوئے ان کمپنیوں کیلئے نئے ویزوں کا اجرا بند کر دیا ہے۔
سعودی عرب کی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارتِ حج کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کی تعداد 5800 ہے جن کا باقاعدہ وزارت میں اندراج ہے۔ جن ٹریول کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی انہیں 10 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ اس دوران وہ خلاف ورزیوں کو درست کرسکیں، بیان میں کہا گیا شرائط پوری ہونے کے بعد ایگریمنٹ دوبارہ بحال کر دیے جائیں گے۔
سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت کی جن ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، انکی سروسز مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں تھیں جو وہ عمرہ زائرین کو فراہم کررہی تھیں۔ وزارت نے واضح کیا ایجنسیوں کے خلاف کارروائی سے وہ عمرہ زائرین متاثر نہیں ہوں گے جنہوں نے پابندی کے اطلاق سے قبل عمرہ ویزے جاری کرائے ہیں۔
ایسے تمام زائرین اپنے شیڈول کے مطابق مملکت آسکیں گے، خلاف ورزی کی مرتکب ٹریول ایجنسیوں کیلئےعارضی طور پر نئے ویزوں کا اجرا بند کیا گیا ہے۔
