دہشتگردوں کا اسلام اور بلوچ قومیت سے تعلق نہیں، یہ محض غدار ہیں: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور حملہ آوروں کو دلیری سے پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں کہا کہ “بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستان بلوچستان ہے، ہر پاکستانی بلوچستان اور اس کے عوام سے بے انتہا محبت کرتا ہے۔” انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے چپے چپے کی حفاظت کی جائے گی اور صوبے پر اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا سخت جواب دیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گرد جان لیں کہ بے گناہوں کے خون کی ایک ایک بوند کا حساب لیا جائے گا، پوری قوم پرعزم ہے اور دہشت گردی کو شکست دے کر دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دہشت گردوں کو دینِ اسلام اور بلوچ قومیت سے لاتعلق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض غدار ہیں۔ “قرآن و سنت میں ملک و قوم کے خلاف بغاوت کو سخت ناپسند کیا گیا ہے۔ بے گناہ عورتوں، بچوں اور شہریوں پر حملہ کرنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا۔”
انہوں نے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں جنگ کے دوران بھی عورتوں، بچوں اور بے گناہ افراد کو نقصان پہنچانے سے منع کیا گیا ہے، لہٰذا جو عناصر ان احکامات کی کھلم کھلا نفی کریں وہ خود کو مسلمان نہیں کہلا سکتے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے پاکستان کے عوام بلوچستان کے محب وطن عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر سطح پر ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے لیے دنیا اور آخرت میں بربادی کے سوا کچھ نہیں۔
