پنجاب میں غیر قانونی قبضے کیخلاف پراپرٹی ایکٹ 2025 میں ترامیم کا مسودہ تیار
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے پراپرٹی ایکٹ 2025 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا ، جس کی صوبائی کابینہ نے منظوری دے دی ،نئی ترامیم کے تحت غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائی مزید سخت اور تیز ہو جائے گی، جبکہ پراپرٹی ٹریبونل کے قیام سے پراپرٹی تنازعات کا حل جلد ممکن ہو گا۔
نئے قوانین کے مطابق پراپرٹی ٹریبونل میں کیسز براہِ راست دائر ہوں گے اور ٹریبونل کو عبوری ریلیف، حفاظتی اقدامات اور فوری قبضہ واگزار کروانے کا مکمل اختیار ہوگا۔
غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کو 5 سے 10 سال قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
اسی طرح جھوٹی یا بدنیتی پر مبنی درخواست دینے پر بھی سخت سزا مقرر کی گئی ہے، جس میں 1 سے 5 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ شامل ہے۔
اپیل کا طریقہ کار بھی تبدیل کیا گیا ہے۔ اب اپیل صرف لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جا سکے گی اور اپیل کے لیے پراسیکیوٹر جنرل کی منظوری لازمی ہو گی۔ اپیل 30 دن کے اندر دائر کی جائے گی اور چیف جسٹس کے نامزد کردہ بینچ میں سماعت کی جائے گی، جسے 30 دن میں فیصلہ کرنا ہوگا۔
