(ویب ڈیسک) لاہور پولیس کے ایس پی سٹی بلال احمد نے بسنت کے موقع پر شہریوں کیلئے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے بسنت منانے کی اجازت صرف 6 سے 8 فروری تک دی گئی ہے اور اس دوران بھی پتنگ بازی صرف مقررہ ایس او پیز کے مطابق ہی کی جا سکے گی۔
ایس پی سٹی نے کہا کہ چھتوں پر ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بلال احمد کے مطابق بسنت کے دوران چھتوں اور عمارتوں کے مالکان سے شورٹی بانڈ بھی جمع کروائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کیمیکل ڈور اور تندی یا دھاتی اقسام کی ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی سٹی کے مطابق یکم فروری سے پتنگ اور ڈور کی خرید و فروخت صرف رجسٹرڈ سیلرز ہی کر سکیں گے، جبکہ غیر رجسٹرڈ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، بسنت منانے کی اجازت صرف لاہور تک محدود ہے، دیگر اضلاع میں بسنت کی اجازت نہیں دی گئی۔
