(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد علی اعجاز کی زیرِ قیادت شہری آبادیوں سے مویشیوں کے انخلا کا عمل بھرپور انداز میں جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر راوی کی سربراہی میں کھوکھر گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد مویشیوں کا انخلا کیا گیا جبکہ خلاف ورزی پر 7 حویلیوں کو سیل کر دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کے تحت تعمیر ہونے والی گلیوں اور ان کے اطراف کو مکمل طور پر مویشیوں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے، دورانِ آپریشن اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں پیرا اور بلدیہ عظمیٰ کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی میں حصہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ نکاسیِ آب کے مسائل اور ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے رہائشی علاقوں سے مویشیوں کا انخلا ناگزیر ہے، نئی تعمیر شدہ گلیوں میں سیوریج لائنوں کی بندش روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں، جبکہ نئی انفراسٹرکچر اور سیوریج نظام کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایل ڈی پی ایریاز میں مویشیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی، خلاف ورزی کرنے والوں کی حویلیاں فوری سیل کی جائیں گی، جبکہ سیوریج لائنوں میں گوبر پھینکنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد علی اعجاز نے کہا کہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور تعفن سے پاک ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ مویشیوں کے باعث پیدا ہونے والے سیوریج مسائل کے مستقل حل کیلئے انتظامیہ متحرک ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا مزید کہنا تھا کہ ایل ڈی پی سکیموں کی پائیداری کیلئے سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، کیونکہ شہری حدود میں مویشی رکھنا حفظانِ صحت کے اصولوں کے منافی ہے۔
