22 Jan 2026
(ویب ڈیسک) گجومتہ کے قریب ایک گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگ گئی، تاہم ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گجومتہ کے قریب واقع شان گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے فیکٹری کے عملے اور اطراف کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ ہی دیر میں آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا، ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ فیکٹری میں ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے۔
