لاہور:( محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ماحولیات سے ریسٹورنٹس میں باربی کیو کے لیے سکشن بورڈ لگوانے کے حوالے سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے قرار دیا کہ پی ایچ اے پارکوں میں تعمیراتی کام سے پہلے جوڈیشل کمیشن کے ممبران کو آگاہ کرے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پی ایچ اے نے رپورٹ جمع کروائی کہ 38 مساجد کے ساتھ واٹر پلانٹ فعال کر دیئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متعدد انڈسٹریل یونٹس کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ ہونے کے باعث سیل کیا گیا ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ جب تک ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں لگائے جاتے تب تک یہ یونٹ سیل رہیں گے۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے ریسٹورنٹس میں بار بی کیو کے لیے سکشن بورڈ لگانے کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائی گئی۔ عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایچ اے بغیر اجازت کسی بھی پارک میں کوئی تعمیراتی کام نہیں کرے گا، کسی بھی پارک میں کوئی کام کرنے سے پہلے پی ایچ اے ممبر جوڈیشل کمیشن کو آگاہ کرے گا،درخواستوں پر مزید کارروائی 23جنوری کو ہوگی۔
