(لاہور نیوز) شہر لاہور میں پتنگ بازی کے باعث پیش آنے والے حادثات اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پارکوں، گرین بیلٹس اور سبزہ زاروں میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کی جانب سے شہر کے تمام زونز کے ڈائریکٹرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں پارکوں، گرین بیلٹس اور سبزہ زاروں میں پتنگ بازی پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام ڈائریکٹرز اپنے زیرِ انتظام پارکوں میں اس پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور احکامات کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پی ایچ اے کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ زون ڈائریکٹرز ذمہ دار ہوں گے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر احکامات پر مکمل عملدرآمد نہ ہوا تو ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
