(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل میں نمایاں تیزی آ گئی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 8 لاکھ 80 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ، جو ایک ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے، اس عرصے میں 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے، جبکہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہریوں کو فریش ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 2 ہزار سے زائد شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی حاصل کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 25 ہزار سے زائد شہریوں نے گھر بیٹھے آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے استفادہ کیا، جو شہریوں کیلئے ایک بڑی سہولت ثابت ہو رہا ہے اور لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے واضح کیا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قابلِ سزا جرم ہے اور ایسے ڈرائیورز کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سیکھ کر گاڑی چلانے کے بڑھتے رجحان کے باعث ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت اور افادیت سے متعلق شعور اجاگر کر رہی ہے، جبکہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت بھی باقاعدہ لائسنس کارڈ کے برابر ہے۔
