ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے، وزیر اعلی مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
صوبائی دارالحکومت میں مریم نواز کا ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اجلاس میں کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پراربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہر منصوبے میں بیوٹیفکیشن پلان لازمی ہونا چاہیے، ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہروں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب یقینی بنائی جائے، منصوبوں کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ کی بروقت تعمیر کی جائے، کسی بھی محکمے کو منصوبے کی تکمیل کے بعد سڑک کھودنے نہیں دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ مین ہول ایک ہی سٹینڈرڈ کے ہونے چاہئیں، پلاسٹک کے مین ہول چوری نہیں ہو سکتے، مین ہولز کا لیول سڑک کے برابر ہونا چاہیے، منصوبوں کے اطراف جوگنگ ٹریک اور اوپن ایئر جم بنائے جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلڈنگز میں فائرسیفٹی سسٹم کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے، شارٹ سرکٹ سے بچنے کے لیے اوپن ایئروائرنگ سےبچا جائے، لوگوں کے لیے واکنگ ٹریکس بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
