قائم مقام گورنر پنجاب سے چینی قونصل جنرل کی الوداعی ملاقات، پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
(لاہور نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں سے چین کے سبکدوش قونصل جنرل ژاؤ شریں نے گورنر ہاؤس لاہور میں الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور سٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دفاع، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں پاک چین تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خاں نے اس موقع پر کہا کہ سبکدوش چینی قونصل جنرل ژاؤ شریں کی سفارتی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مضبوط ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اخلاص اور اعتماد پر مبنی ہے اور مشکل وقت میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ملک محمد احمد خاں کے مطابق سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا گیم چینجر منصوبہ ہے جبکہ پاک چین شراکت داری خطے میں امن اور استحکام کی ضامن ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاک چین دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر سبکدوش قونصل جنرل ژاؤ شریں نے کہا کہ وہ پاکستان اور بالخصوص پنجاب کے عوام کے شکر گزار ہیں اور یہاں سے بہت سی خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے عوام اخوت اور محبت کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور عوامی روابط پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔
ژاؤ شریں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی نسلوں تک قائم رہنے والا لازوال رشتہ ہے اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعاون جاری رہے گا۔
