(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے 31 شہروں میں 170 نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی جاری کر دیے، تمام نئے پیٹرول پمپس کو الیکٹرک وہیکل چارجنگ یونٹس کی تنصیب کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پنجاب حکومت کے مطابق تمام این او سیز ای بز پورٹل کے ذریعے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ نئے پیٹرول پمپس کی منظوری کو الیکٹرک چارجنگ سہولت کی فراہمی سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ این او سی حاصل کرنے والے تمام 170 پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔
شہروں کے لحاظ سے فیصل آباد میں 29، لاہور میں 14، بہاولپور میں 10 جبکہ خانیوال اور بہاولنگر میں 9، 9 نئے پیٹرول پمپس شامل ہیں۔ اسی طرح راولپنڈی اور جھنگ میں 8، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7، 7 پیٹرول پمپس کی الیکٹرک چارجنگ یونٹ لگانے کی شرط پر منظوری دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ صوبے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔
