(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کے نرخوں میں عدم استحکام کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
برائلر گوشت کی قیمتوں میں کوئی خاص کمی نہیں آئی، جبکہ انڈوں کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔
برائلر گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم شہریوں کو گوشت 670 روپے فی کلو تک کی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، زندہ برائلر کے نرخوں میں بھی اضافے کا رجحان جاری ہے۔
علاوہ ازیں فارم گیٹ ریٹ کے مطابق زندہ برائلر کی قیمت 383 روپے فی کلو ہے، ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 397 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 411 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
ادھر انڈوں کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، گزشتہ چار دنوں میں انڈوں کی قیمت میں 9 روپے درجن تک کا اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث ایک درجن انڈوں کی قیمت 329 روپے تک پہنچ گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 9,750 روپے کی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔
