(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زیرِ تعمیر نئے ہسپتالوں کی جلد از جلد تکمیل کے احکامات جاری کر دیے ۔
وزیراعلیٰ نے نواز شریف کینسر ہسپتال لاہور، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور سرگودھا میں نواز شریف کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سمیت دیگر طبی منصوبوں کے لیے واضح ڈیڈ لائنز مقرر کر دیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اسی ماہ عوام کے لیے کھولا جائے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ مریضوں کے لیے ویٹنگ ایریا/سرائے، مسجد اور ڈاکٹروں کی رہائش گاہیں بھی مکمل ہو چکی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پاکستان کے پہلے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کا باقاعدہ آغاز بھی اسی ماہ کر دیا جائے گا، جہاں پاکستان بھر سے آنے والے کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔
نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں ڈاکٹروں اور پروفیشنل سٹاف کی بھرتیوں کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ 219 آسامیوں کے لیے انٹرویوز جاری ہیں۔ ادارے کے سربراہ کی تعیناتی کے لیے آسامی دوبارہ مشتہر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آغاز کے لیے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کی، جبکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ صحت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
