(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں خشک سردی کا راج عروج پر ہے، خشک سردی کی وجہ سے شہریوں کو موسمی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث سرکاری و نجی کلینکس پر مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خشک سردی کے باعث نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں موسمی بیماریوں میں مبتلا افراد کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ڈاکٹرز کی جانب سے شہریوں کو خشک سردی اور موسمی بیماریوں سے بچنے کی ہدایات کی گئی ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں بیماریوں سے بچنے کے لئے شہری پانی کی کمی نہ ہونے دیں اور مناسب مقدار میں پانی ضرور پی لیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غنودگی طاری ہونے،دل کی دھڑکن تیز ہونے، سانس میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہو تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے، چھوٹے بچے اور بزرگ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ جسم کو گرم اور توانا رکھنے کے لئے چائے کافی یخنی اور سوپ کا استعمال کیا جائے۔
