(لاہور نیوز) پاکستان پہلی بار یوئیفا فٹبال ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ کا حصہ بن گیا۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) محسن گیلانی نے پاکستان فٹبال کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوئیفا ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں شرکت نوجوان کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کی فٹبال سیکھنے کا سنہری موقع ہے۔
محسن گیلانی کے مطابق یوئیفا فٹبال ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں منعقد ہوگا جس میں میزبان قازقستان کے علاوہ روس اور آذربائیجان کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی، پاکستان انڈر 16 ٹیم پہلی بار یورپی فٹبال پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
صدر پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے، یوئیفا ٹورنامنٹ میں شرکت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی فٹبال، نظم و ضبط اور جدید تکنیک سیکھنے کا موقع ملے گا جو مستقبل میں قومی فٹبال کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
