(ویب ڈیسک) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں اضافے کے حوالے سے گردش کر رہی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تمام سکولز اور کالجز اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی کھلیں گے اور 12 جنوری سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔
رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا کے ذریعے واضح کیا کہ چھٹیوں میں توسیع کے حوالے سے وائرل نوٹیفکیشن جعلی ہے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا، انہوں نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی کہ تعلیمی اداروں کے کھلنے کے شیڈول پر اعتماد کریں اور کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی اور تعلیم کے معمولات مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے، یہ فیصلہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کئے بغیر موسم کی شدت کے باوجود تعلیمی نظام کو مستحکم رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔
