(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے محنت کشوں کیلئے ایک بڑی اور تاریخی سہولت متعارف کرا دی گئی۔
ورکرز ویلفیئر گرانٹس کا پرانا مینول اور چیک سسٹم مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے جبکہ میرج، ڈیتھ اور سکالرشپ گرانٹس کے لئے جدید اور مکمل آن لائن ڈائریکٹ کریڈٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر لیبر محمد منشاء اللہ بٹ نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ڈائریکٹ کریڈٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر نے ون کلک کے ذریعے محنت کشوں کے بینک اکاؤنٹس میں گرانٹس کی ادائیگیاں بھی کیں، نئے نظام کے تحت گرانٹس کی رقم اب براہ راست محنت کشوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
صوبائی وزیر لیبر نے بتایا کہ چیک سسٹم کے خاتمے سے شفاف اور تیز ادائیگیاں ممکن ہوں گی اور محنت کشوں کو دفاتر کے چکر لگانے اور مڈل مین کے استحصال سے نجات ملے گی، ماضی میں چیک سسٹم کے باعث محنت کشوں کو گرانٹس کے حصول کیلئے تین ماہ سے زائد انتظار کرنا پڑتا تھا، جبکہ جدید آن لائن نظام کے ذریعے برق رفتاری سے ادائیگیاں ممکن ہو سکیں گی۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ آن لائن سسٹم کے نفاذ سے شفافیت اور سہولت میں نمایاں اضافہ ہو گا، اب کسی محنت کش کو سفارش یا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی، میرج، ڈیتھ اور سکالرشپ گرانٹس مکمل میرٹ اور شفاف طریقے سے دی جائیں گی جبکہ ڈائریکٹ کریڈٹ سسٹم سے ادائیگیوں میں تاخیر اور شکایات کا بھی خاتمہ ہو گا۔
اس موقع پر محنت کشوں اور ان کے اہلِ خانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا، صوبائی وزیر لیبر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ادارہ جاتی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور ان کی قیادت میں محنت کشوں کے لئے تاریخی اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر گرانٹس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈز نے صوبائی وزیر کو نئے آن لائن سسٹم اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
