(لاہور نیوز) میو ہسپتال کے ملازمین کی بڑی تعداد تاحال تنخواہوں سے محروم ہے، جس کے باعث طبی عملے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق میو ہسپتال کے مسیحی ملازمین کو کرسمس سے قبل بھی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔
ہسپتال کو خودمختار ادارہ بنائے جانے کے بعد سے میو ہسپتال کو مالی بدانتظامی اور انتظامی مسائل کا سامنا ہے، خاص طور پر شعبہ فنانس میں عملے کی شدید کمی کے باعث مالی امور کو سنبھالنا دشوار ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں تنخواہوں کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر ہو رہی ہے۔
تنخواہوں میں تاخیر کے باعث ڈاکٹرز اور طبی عملہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے، جبکہ مریضوں کی دیکھ بھال پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مالی مسائل پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں بروقت ادا کی جائیں گی۔
