(لاہور نیوز) ضلع کچہری میں جوئے کی ایپ کی پروموشن کے مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے ڈکی بھائی، عروب جتوئی سمیت چار ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے ملزمان کو فردِ جرم کے لیے 16 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے ڈکی بھائی سے استفسار کیا کہ بغیر اجازت عدالتی کارروائی کی وی لاگنگ غیر قانونی ہے اور اس کے لیے باقاعدہ اجازت لینا ضروری تھا۔ عدالت نے کہا کہ وی لاگنگ کی اجازت صرف عدالت دیتی ہے، کوئی بھی شخص خود سے خود کو اجازت نہیں دے سکتا۔
ڈکی بھائی نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ سماعت پر دیا گیا بیانِ حلفی ان کے نزدیک اجازت کے مترادف تھا، تاہم عدالت نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اجازت صرف عدالت کی جانب سے دی جا سکتی ہے۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ پراسکیوشن بھی ملزم کی وی لاگنگ سے خوش نہیں ہے اور باقاعدہ درخواست دینی چاہیے تھی۔
سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ ڈکی بھائی کا یوٹیوب چینل اس مقدمے میں مالِ مقدمہ ہے اور اسے این سی سی آئی اے نے ضبط کر رکھا ہے۔ عدالت نے کہا کہ وی لاگنگ کی جا سکتی ہے، تاہم ضبط شدہ چینل سے کسی قسم کی اپ لوڈنگ غیر قانونی ہو گی۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے، جبکہ عدالت نے ڈکی بھائی سمیت تمام ملزمان کو چالان کی نقول بھی فراہم کر دی ہیں۔
کیس کی مزید سماعت 16 جنوری کو ہو گی۔
