27 Dec 2025
(ویب ڈیسک) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو سیکنڈ اینول امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
نتائج کا اعلان سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے کیا۔
اعلامیے کے مطابق رواں سال ان امتحانات میں 50 ہزار 85 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 17 ہزار 953 امیدوار کامیاب قرار پائے، امتحان میں کامیابی کا مجموعی تناسب 35.85 فیصد رہا جبکہ 32 ہزار 132 امیدوار ناکام ہوئے۔
لاہور بورڈ انتظامیہ کے مطابق امتحانی نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں، امیدوار اپنے رول نمبر کے ذریعے لاہور بورڈ کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا نتیجہ آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔
لاہور بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ نتائج کی تیاری میں شفافیت اور میرٹ کو مکمل طور پر یقینی بنایا گیا ہے۔
