(لاہور نیوز) سی سی پی او آفس لاہور کا کمپلینٹ سیل عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے ذریعے شہریوں کے اعتماد کی علامت بن چکا ہے۔
رواں سال کے دوران کمپلینٹ سیل میں 11 ہزار 86 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 10 ہزار 642 درخواستوں کو نمٹا دیا گیا جبکہ 444 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پورٹل پر موصول ہونے والی تمام 81 درخواستوں کو مکمل طور پر نمٹا دیا گیا ہے، اسی طرح سی سی پی او آفس سے براہِ راست رجوع کرنے والے 3 ہزار 263 سائلین میں سے 3 ہزار 86 افراد کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی 7 ہزار 742 درخواستوں میں سے 7 ہزار 475 نمٹا دی گئی ہیں جبکہ 267 درخواستوں پر تاحال کارروائی جاری ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کمپلینٹ سیل عوامی مسائل کے حل کیلئے مسلسل مصروفِ عمل ہے اور شہریوں کی شکایات پر بلاامتیاز اور فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، بزرگ شہریوں، خواتین اور معذور افراد کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے۔
سی سی پی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ کمپلینٹ سیل عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد اور شفافیت کی مضبوط مثال ہے۔
