(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کی نگرانی میں ٹھوکر نیاز بیگ، راوی روڈ، گوالمنڈی، چونگی امرسدھو اور شیخوپورہ روڈ پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران 17 فوڈ پوائنٹس، ڈیری شاپس، 35 سپلائرز اور ہول سیلرز کو چیک کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 84 ہزار لٹر دودھ کی جانچ پڑتال کی گئی، قوانین کی خلاف ورزی پر 7 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک معروف ریسٹورنٹ اور دو ڈیری شاپس کو بند کر دیا جبکہ دودھ کا سیمپل فیل ہونے پر مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
اس دوران 60 پلٹر جعلی دودھ، بھاری مقدار میں ناقص مصالحہ جات اور ممنوعہ اجزاء کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق گوالمنڈی میں واقع معروف ریسٹورنٹ کو سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر سیل کیا گیا، ریسٹورنٹ کے کچن ایریا میں بدبودار ماحول، ٹوٹے فرش پر گندا پانی کھڑا پایا گیا جبکہ گندے فریزر، زنگ آلود دیواریں اور حشرات کی بھرمار بھی دیکھی گئی، مزید برآں، انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔
عاصم جاوید نے کہا کہ دودھ، گوشت اور بنیادی اشیائے خورونوش کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت میراتھن کارروائیاں جاری رہیں گی، انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ایس او پیز اور فوڈ قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
