پولیس کا کرسمس اور نیو ایئر سے قبل ہوائی فائرنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، 496 افراد گرفتار
(لاہور نیوز) پولیس نے کرسمس اور نیو ایئر سے قبل ہوائی فائرنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گزشتہ 20 دنوں کے دوران ناجائز اسلحہ رکھنے والے 496 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ہوائی فائرنگ میں ملوث 5 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، اس دوران شہر کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 501 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11 رائفلیں، 451 پسٹل اور 24 گنیں برآمد کی گئی ہیں، جو پولیس کی مؤثر کارروائی کا ثبوت ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، ناجائز اسلحہ رکھنے، اس کے استعمال اور خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
سی سی پی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کے احترام کو اپنا شعار بنائیں اور امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
