(لاہور نیوز) لاہور بھر میں گوشت مارکیٹس کو سپلائی ہونے والی مرغیوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ٹولنٹن مارکیٹ میں علی الصبح ناکہ بندیاں کر کے کارروائی کی، کارروائی کے دوران 36 میٹ گوداموں، سپلائرز اور دکانوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے دو کو بھاری جرمانے جبکہ 10 کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔
چیکنگ کے دوران بیمار مرغیاں برآمد ہونے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اور 4 ہزار کلو سے زائد مردہ مرغیاں تلف کر دی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق موقع پر موجود ویٹرنری اسپیشلسٹ نے تفصیلی معائنے کے بعد مرغیوں کو مضرِ صحت قرار دیا، انہوں نے بتایا کہ بیمار مرغیوں کا گوشت تیار کر کے مارکیٹ میں سپلائی کیا جانا تھا، تاہم میٹ سیفٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کر کے ترسیل ناکام بنا دی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ بیمار اور ناقص گوشت کا استعمال موذی امراض کا سبب بن سکتا ہے اور جعل ساز مافیا زیادہ منافع کے لالچ میں خوراک نہیں بلکہ بیماریاں فروخت کرتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اشیاء کی خرید سے قبل خود جانچ پڑتال کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے مسلسل چیکنگ کر رہی ہیں اور صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
