(لاہور نیوز) ایئرپورٹس سکیورٹی فورسز نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات کی بیرون ملک سمگلنگ ناکام بنا دی۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا، جدہ جانے والی فلائی جناح کی پرواز کے دو مسافروں کے سامان سے منشیات میں بھگوئے گئے کپڑے مشکوک قرار دیئے گئے۔
اے ایس ایف سکرینر کی بروقت نشاندہی پر سامان کی تفصیلی جانچ کی گئی، ایک بیگ سے منشیات آلود بغیر سلے کپڑے برآمد ہوئے، وزن کرنے پر ان کپڑوں کا مجموعی وزن 14.908 کلوگرام پایا گیا، ابتدائی تفتیش کے بعد مسافروں کو ضبط شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی میں دوحہ جانے والے قطر ایئرویز کی پرواز کے ایک مسافر کے پہنے ہوئے جوتے مشکوک پائے گئے، اے ایس ایف نے جوتوں کی سکیننگ اور دستی تلاشی کے دوران نہایت مہارت سے چھپائی گئی آئس منشیات کے 27 کیپسول برآمد کئے جن کا مجموعی وزن 258 گرام تھا۔
برآمدگی کے فوراً بعد مسافر کو اے ایس ایف کنٹرول روم منتقل کیا گیا، سی سی ٹی وی کی مدد سے ایک معاون شخص کو بھی ٹریس کرکے حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں ایک منظم منشیات نیٹ ورک سے روابط کا انکشاف ہوا، بعد ازاں مسافر اور ہمراہ شخص کو ضبط شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔
