(ویب ڈیسک) سوشو اکنامک سروے کرنے والے پنجاب کے ہزاروں اساتذہ کیلئے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
حکومت پنجاب نے ان اساتذہ کو ہفتہ اور اتوار جیسے پبلک ہالیڈے یا چھٹی کے دن سروے کی ذمہ داریاں انجام دینے کے بدلے 4 ہزار روپے معاوضہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب اربن یونٹ نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں، ذرائع کے مطابق یہ معاوضہ صرف ان اساتذہ کو دیا جائے گا جو چھٹی کے دن سروے کی کارروائی میں شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل، سروے میں حصہ لینے والے اساتذہ کی جانب سے معاوضے کی عدم ادائیگی پر شکایات موصول ہو رہی تھیں، متعدد اساتذہ نے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ ان کی اضافی محنت اور وقت کے عوض کوئی مالی اعانت نہیں دی جا رہی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اساتذہ کے مسائل حل ہو سکیں اور انہیں ان کی محنت کا معاوضہ مل سکے۔
پنجاب اربن یونٹ نے اس فیصلے کو عمل میں لانے کیلئے تمام متعلقہ اتھارٹیز کو باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کیا ہے تاکہ ادائیگی کے عمل میں مزید تاخیر نہ ہو، حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے اساتذہ کی محنت کی قدر کی جائے گی اور سروے کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔
