(ویب ڈیسک) محکمہ ایکسائز نے پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا آغاز کر دیا۔
ایکسائز حکام کے مطابق پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو حتمی نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں اور 31 دسمبر تک ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی پراپرٹیز سربمہر کر دی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بالخصوص کمرشل پراپرٹیز کے ڈیفالٹرز کی سربمہری کے ذریعے ٹیکس کی وصولی یقینی بنائی جائے گی، لاہور کے تین ریجنز میں 18 ارب روپے کے ہدف میں سے پونے 9 ارب روپے کی وصولی کر لی گئی ہے، جبکہ پورے پنجاب میں 73 ارب روپے کے ٹارگٹ میں سے ساڑھے 37 ارب روپے وصول کئے جا چکے ہیں۔
ایکسائز حکام کے مطابق یکم جنوری سے ڈیفالٹرز سے جرمانے کے ساتھ ٹیکس وصول کیا جائے گا، جبکہ بڑے نادہندگان کو جائیداد کی قرقی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔
ڈی جی ایکسائز نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر وصولی کے عمل کی نگرانی کریں، محکمہ ایکسائز نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اب تک پونے 11 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول کیا ہے، جو کارکردگی میں نمایاں بہتری کا ثبوت ہے۔
محکمہ ایکسائز نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے مقررہ مدت کے اندر پراپرٹی ٹیکس ادا کر دیا جائے۔
