(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر رد و بدل دیکھنے میں آیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر کے داموں میں 14 روپے تک کمی کی گئی ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 461 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔
شہریوں کو صافی برائلر گوشت 530 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 10 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 290 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 304 روپے فی کلو جبکہ پرچون بازاروں میں زندہ برائلر 318 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمتیں مسلسل اضافے کے باعث عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، تازہ اضافہ کے بعد انڈے 1 روپیہ فی درجن مہنگے کر دیئے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں انڈوں کی قیمت 355 روپے فی درجن مقرر ہو گئی ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 10 ہزار 530 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں بنیادی غذائی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ان کے لئے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
