(لاہور نیوز) نجی ایئر لائن ایئر سیال کی لاہور سے بیرونِ ملک جانے اور بیرونِ ملک سے آنے والی تین پروازیں مختلف اوقات میں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایئر سیال کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز 787 رات بارہ بجے تاخیر کا شکار ہوئی، جبکہ مذکورہ پرواز کو شام سات بجے لاہور پہنچنا تھا۔
اسی طرح جدہ سے لاہور آنے والی ایئر سیال کی پرواز 717 بھی دوپہر 2:30 بجے تک تاخیر سے پہنچی، حالانکہ اس کی مقررہ آمد صبح 9:30 بجے تھی۔
علاوہ ازیں لاہور سے دبئی جانے والی ایئر سیال کی پرواز 786 بھی تاخیر کا شکار رہی، جو دوپہر بارہ بجے روانہ ہونا تھی، تاہم اب یہ پرواز شام چار بجے کے بعد روانہ ہو گی۔
پروازوں میں تاخیر کے باعث مسافروں نے انتظار گاہوں میں طویل انتظار اور مشکلات کی شکایت کی، ایئر لائن انتظامیہ کے مطابق تاخیر کی وجوہات پر کام کیا جا رہا ہے اور مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
