(لاہور نیوز) حکومت نے سرکاری کالجز کے انتظامی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اس سلسلے میں سمری صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کالج مینجمنٹ کونسلز کو 1 کروڑ روپے تک اخراجات کے اختیارات دینے کی تجویز دی گئی جبکہ موجودہ کونسلز کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے ان کی تشکیلِ نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی کونسلز میں نمائندگی بھی بڑھائی جائے گی تاکہ کالجوں کے انتظامی اور مالی امور میں مقامی سطح پر بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اصلاحات سے فنڈز کے استعمال کی مؤثر نگرانی اور جوابدہی ممکن ہوگی جبکہ کالجز کے مسائل بھی زیادہ تیزی سے حل کیے جا سکیں گے، محکمہ کا کہنا ہے کہ نئی کونسلز کے قیام کے بعد طلبا اور اساتذہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی، جس سے مجموعی تعلیمی ماحول میں بہتری آئے گی۔
